پشاور(بیورورپورٹ)اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں زبانی تکرار پر چوکیدار نے انگلش ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلامیہ کالج کے پروفیسر بشیر محمد ساکن تخت بھائی مردان اور چوکیدار شیر محمد ساکن سربند کے مابین چند روز قبل تکرار ہوئی تھی، اتوار کے روز پروفیسر اور چوکیدار کا آمنا سامنا ہوا تو ایک بار پھر تکرار ہوگئی جو ہاتھا پائی تک جاپہنچی ، اس دوران چوکیدار شیر محمد نے کلاشنکوف سے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں پروفیسر بشیر محمد متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہارگئے جبکہ ملزم واردات کے بعد کلاشنکوف سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے متعدد گولیوں کے خالی خول اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے جبکہ مقتول کی نعش قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے۔