سوات (نامہ نگار)مینگورہ شہر کے مصروف تاج چو ک میں فائرنگ ایک خواجہ سرا قتل دوسراشدید زخمی ہوگیا، ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے ملز م کی گرفتار ی کیلئے کارروائی شروع کردی ، گزشتہ روزدن دہاڑے مینگورہ شہر کے مصروف ترین تاج چوک میں مٹہ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ملزم نواب نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے ایک خواجہ سرا اُسامہ ولد خوشحال خان جس کا تعلق کراچی سے بتایا جاتا ہے کو قتل کردیا جبکہ گولیاں لگنے سے دوسرا خواجہ سرا‘ اسرار ولد فضل رحیم جو مردان کا رہائشی بتایا جاتا ہے زخمی ہوگیا ہے،زخمی خواجہ سر ا کو علاج کیلئے سیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ،وقوعہ کے بعدفائرنگ کرنے والا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا،مینگورہ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ۔دریں اثناء ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے سوات میں ایک خواجہ سر ا کے قتل اور دوسرے کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزادینے کا حکم دیدیا ملزم نواب ساکن مٹہ کے خلاف تھانہ مینگورہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن شاہ حسن خان کی نگرانی میں ایڈیشنل ایس پی لوئر سوات اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی ہے اوردومشتبہ ملزمان کو گرفتارکرکے اصل ملزم نواب کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔ بعد ازاں سینئرپولیس افسروں نے مقتول خواجہ سرا محمد اسامہ عرف ماہ نور کی نماز جنازہ و تدفین میں شرکت کی۔