لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت لاہور کی مختلف سڑکوں پرنوجوانوں کی طرف سے موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ اور خطرناک کرتب کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی مختلف سڑکوں پر گزشتہ روز نوجوان موٹر سائیکل پر ون ویلنگ کرتے رہے۔ کینال روڈ ،شاہراہ قائد اعظم ، مین بلیوارڈ گلبرگ، ڈیفنس سمیت دیگرعلاقوں میں اہم شاہراہوں پر موٹرسائیکلوں پر ون ویلنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ پولیس اس کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آ رہی ہے۔ ون ویلنگ کرنے والے منچلوں کی جانب سے فیملیز سے بدتمیزی اور خواتین سے چھیڑ خانی کرنے کے واقعات بھی بڑھ رہے ہیں ۔جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔