طلباء نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھرپور توجہ دیں: گورنر

Feb 20, 2023

بہاول پور (نامہ نگار) گورنر پنجاب و چیئرمین بورڈ آف گورنرز صادق پبلک سکول بہاول پور میاں محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ صادق پبلک سکول بہاول پور نواب آف بہاول پور سر صادق محمد خان عباسی خامس کی بصیرت، لگن اور عزم صمیم کا عکاس ہے۔ نواب آف بہاول پور سرصادق محمد خان عباسی خامس عظیم انسان دوست اور علم دوست شخصیت کے حامل تھے۔ وہ گزشتہ روز صادق پبلک سکول بہاول پور کے 69ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاشبہ صادق پبلک سکول بہاول پور شاندار تعلیمی روایات اور تابناک تدریسی ماضی کا امین ہے۔ اس ادارے سے ایسی نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئیں کہ جنہوں نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں مقام حاصل کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میرا صادقین ہونے کے ناطے صادق پبلک سکول سے دیرینہ تعلق ہے اور بطور چیئرمین بورڈ آف گورنرز مجھ پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ میں اس ادارے کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کروں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’صادق‘‘ نے ہی مجھے اس مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ گورنر پنجاب نے طلباء کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے آج کی پریڈ اور اس عظیم درسگاہ کے ہیڈ بوائے اور ہیڈ گرل کی تقاریر انتہائی متاثر کن ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کرام، طلبہ، تدریسی سٹاف اور والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ صادق پبلک سکول اور اس جیسے ملک بھر کے دیگر عظیم تدریسی ادارے مستقبل میں بھی تمام شعبہ ہائے زندگی میں اعلیٰ ٓمعیار کے قائدین پیدا کرنے کا اہم گہوارہ رہیں گے۔ تقریب تقسیم انعامات میں 150 سے زائد طلبا و طالبات میں انعامات، شیلڈز اور گولڈ میڈل تقسیم کیے گئے۔ دریں اثناء ایکٹنگ پرنسپل پروفیسر میاں محمد احمد نے گورنر پنجاب میاں محمد بلیغ الرحمن کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاںگورنر پنجاب نے طلباوطالبات کی طرف سے تیار کردہ مختلف سائنسی پراجیکٹس کی نمائش کا افتتاح کیا۔

مزیدخبریں