میرپورخاص(رپورٹ:ریاض الدین) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں میرپورخاص میں بھی کارکنان کی جانب سے رجسٹریشن کرانے کا آغاز کردیا گیا،پہلے ہی روز درجنوں کارکنان نے جیل بھرو تحریک کے لئے اپنے نام لکھوادیئے،جیسے ہی ہمارے لیڈر عمران خان کا اشارہ آئے گا تو ہم جیل پہنچ کر گرفتاریاں پیش کریں گے ضلعی صدر آفتاب قریشی کی صحافیوں سے گفتگو تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 22 فروری سے یکم مارچ تک ملک بھر میں جیل بھرو تحریک شروع کی جا رہی ہے اور ابتدائی طور پر پنجاب کا شیڈول جاری کیا گیا ہے لیکن میرپورخاص میں کپتان کے ٹائیگروں نے از خود پہلے سے ہی جیل جانے کے لئے اپنے نام انصاف ہاوس لکھوانا شروع کردیئے ہیں اس حوالے سے تحریک انصاف کے ضلعی صدر آفتاب قریشی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ جیل بھرو تحریک کے حوالے سے ابتداء میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے پنجاب کا شیڈول جاری کیا ہے لیکن ہم نے میرپورخاص میں اپنے طور پر پہلے سے ہی تیاریاں شروع کردی ہیں اور تمام ضلعی ممبران دونوں ٹاؤنز میر شیر محمد تالپور، سید خادم علی شاہ ٹاون، وومن ونگ، لیبر ونگ، یوتھ ونگ، انصاف لائرز میڈیکل ایڈ، تمام تعلقے تمام یوسیز کے ذمہ داران وکارکنان اور عمران خان کے ٹائیگر وں سے اپیل کی ہے کہ وہ جیل بھرو تحریک کے لئے اپنے نام انصاف ہاؤس میں لکھوائیں جس کے بعد پہلے ہی روز درجنوں کارکنان نے اپنے نام ہمارے پاس لکھوا دیئے ہیں اور جیسے ہی پارٹی قیادت کی جانب سے میرپورخاص کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا تو پی ٹی آئی کے ٹائیگرز جیل پہنچ کر اپنی گرفتاریاں پیش کردیں گے۔