کراچی(کامرس رپورٹر ) حبیب یونیورسٹینے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اپنا تیسرا فنڈ ریزنگ گالا منعقدکیا جس میں لبرل اور آرٹس اورسائنس کی اعلی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے عظیم مقصدکی حمایت کیلیے پاکستانی تارکین وطن مجتمع ہوئے۔ تقریب کا موضوع ’’سخاوت کی خوبصورتی، اسلام کی عظیم روایت‘‘ تھا۔ اس موضوع سے حبیب یونیورسٹی کی متنوع سماجی واقتصادی پس منظرسے تعلق رکھنے والے اعلی ہنرمند طلبا کیلئے مواقع اور رسائی پیدا کرنے کی لگن اجاگر ہوتی ہے۔ حبیب یونیورسٹی کمیونٹی کی ملکیت والا ایک ایسا ادارہ ہے جو انسان دوستی اور پاکستان میں اعلی تعلیم کو نئے سرے سے تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ تقریب کے ماسٹر دھانانی گروپ کے نائب صدرعثمان دھانانی نے تقریب کے عنوان کا تعارف پیش کیا اور تقریب کی میزبان کمیٹی اورآپریشنز ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا جن کی انتھک کوششوں سے اس کا انعقاد ممکن ہوسکا۔ حبیب یونیورسٹی فائونڈیشن امریکہ کے ڈائریکٹر شوکت دھانانی نے سامعین کو حبیب یونیورسٹی کے مشن کی حمایت کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مہمانان خصوصی بالخصوص ڈاکٹر رضا اسلان اور حبیب فیملی کو خوش آمدید کہتے ہوئے حبیب یونیورسٹی کی حمایت کے لئے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی۔