عوام کے ٹیکسوں سے حکمران شاہ خرچیاں کریں ، ہرگز قبول نہیں ، حفظ نعیم 

کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران طبقے کی عیاشیوں،شاہ خرچیوں اور لوٹ مار کا سارابوجھ غریب عوام پر ڈالنے کے بجائے اربوں روپے کی مراعات حاصل کرنے والے طبقے اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگایا جائے،بھاری بھرکم وفاقی کابینہ،ایوان صدر،وزیر اعظم،وزرائے اعلی اور گورنر ہاسز کے اخراجات کم کیے ہیں،موجودہ حکومت بھی مراعات یافتہ طبقات اور جاگیرداروں کا اتحاد ہے جو اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں اور عوام پر گیس اور پیٹرول بم گراتے ہیں،ساری قربانیاں اور ٹیکس عوام دیں اور حکمران شاہ خرچیاں کریں ایسا ہرگز قبول نہیں،امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں جماعت اسلامی ان حکمرانوں،مراعات یافتہ طبقات کے گٹھ جوڑ،آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر مہنگائی میں اضافے کے خلاف تحریک چلارہی ہے،ا س کے لیے طویل جدوجہد اور مزاحمت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نیو ایم اے جناح روڈ پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے 170ارب روپے کے نئے ٹیکس و مہنگائی کے سونامی اور کراچی میں بلدیاتی انتخابی عمل کے تاحال مکمل نہ ہونے کے خلاف ایک بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے نائب امرا جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی اور مسلم پرویز نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کو اس کی حقیقی قیادت سے محروم نہ کیا جائے،کراچی میں بلدیاتی انتخابی عمل کو فی الفور مکمل کیا جائے،ملتوی شدہ 11نشستوں پر انتخابی شیڈول جاری کیا جائے۔ ملک میں مسلط حکمران ٹولہ نسل در نسل ملک اور عوام کو کھوکھلا کررہا ہے،یہ ٹولہ اپنی اولادوں کو تو بیرون ملک سے تعلیم دلواتے ہیں لیکن ملک میں جہالت پھیلاتے ہیں اور عوام کو تعلیم،صحت،روزگار، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات سے محروم کرتے ہیں،۔ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ حکمرانوں اور عالمی ساہوکاروں کی ملی بھگت سے عوام پر مہنگائی کا جو عذاب مسلط کیا گیا ہے،جماعت اسلامی اس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کررہی ہے،اس بدترین صورتحال اور مہنگائی سے نجات کے لیے جرات مندانہ اور تنقیدی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے،مسلم پرویز نے کہاکہ جب حکمرانوں کی عیاشیاں اور بد اعمالیاں ختم نہیں ہوں گی،عوام کے مسائل حل ہوں گے نہ مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات ملے گی،آج کا ہمارا احتجاج آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کے خلاف ہے جو عوام پر سارا بوجھ ڈال رہے ہیں۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ جن میں حکمرانوں، آئی ایم ایف کی پالیسیاں ختم کرو، بجلی، گیس، پیٹرول سستا کرو، حکمرانوں اپنی عیاشیاں ختم کرو،عوام کا چولھا جلنے دو تحریر تھا۔قائدین کے خطاب کے لیے ایک ٹرک پر انتظام کیاگیا تھا جن پر ایک بڑا بینر لگایا گیاتھا جس پر تحریر تھا کہ آٹا مہنگا،چینی مہنگی،بجلی،مہنگی،پیٹرول مہنگا، حکمرانوں عوام سے جینے کا حق مت چھینو حافظ نعیم الرحمن کے خطاب سے قبل ڈاکٹر اسامہ رضی نے پر جوش نعرے لگوائے ۔

ای پیپر دی نیشن