گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) الیکشن میں مبینہ دھاندلی سے سوشل میڈیا پر این اے 79میں تعینات پولنگ افسر طاہر ابرار کا دھاندلی سے متعلق بیان سامنے آیا کہ وہ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا ملازم ہے جس کی ڈیوٹی این اے 79میں بطور پولنگ افسر لگائی گئی تھی جو وہ ادھر کرکے آیا ہے اللہ دوبارہ کبھی نہ ایسا کروائے، جان میں نے اللہ کو دینی ہے جو مجھ سے کروایا گیا ہے اللہ کرے کبھی دوبارہ ایسا موقع نہ آئے، مجھے الیکشن میں ڈیوٹی کرنا نامنظور ہو گا، لیکن میں آئندہ اس طرح کی حرکت نہیں کروں گا۔ پارٹی نہیں، کسی امیدوار یا کسی انتظامیہ کی جانب سے دبائو نہیں ڈالا گیا، بدقسمتی سے جس پولنگ سٹیشن پر میری ڈیوٹی تھی وہ دیہی علاقہ تھا، آج کل جن کا زور چل رہا ہے انہیں کا چلا ہے۔ ان کی منشاء کے مطابق ہم ان کو رزلٹ دیکر آئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر و فوکل پرسن شبیر حسین بٹ نے کہا کہ ویڈیو میں بات کرنے والا پریذائیڈنگ افسر نہیں بلکہ پولنگ افسر ہے جس کا کام صرف پولنگ سٹیشن پر معاونت کرنا تھا، الیکشن رزلٹ اور فارم 45کی مکمل ذمہ داری پریزائیڈنگ افسر اور سینئر افسر اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسر کی ہوتی ہے جس پولنگ سٹیشن پر اس اہلکار کی ڈیوٹی تھی وہاں پر کسی پارٹی کے امیدوار کی جانب سے شکایات وصول نہیں ہوئیں ، کسی ثبوت کے بغیر ویڈیو کے ذریعے سوشل میڈیا پر آنا قانونی جرم ہے۔ ویڈیو کی انکوائری کر رہے ہیں۔ طاہر ابرار کو شوکاز نوٹس جاری کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔