بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین نے کہا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات مستحکم اور ہموار طریقے سے منعقد کئے گئے جس پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے نتیجے میں بننے والی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔ چین کی ترجمان ماؤننگ نے پریس بریفنگ میں حکومت سازی میں تاخیر سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم نے نوٹ کیا کہ پاکستان میں انتخابات عام طور پر مستحکم اور ہموار طریقے سے ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس صورتحال کا آپ نے ذکر کیا ہے ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں متعلقہ فریق یکجہتی پر قائم رہ سکتے ہیں اور متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ چین کی ترجمان نے مزید کہا کہ ایک قریبی اور دوست ہمسایہ ملک کے طور پر چین پاکستانی عوام کے انتخاب کا مکمل احترام کرتا ہے اور پوری امید کرتا ہے کہ پاکستان کی متعلقہ جماعتیں انتخابات کے بعد سیاسی یکجہتی اور سماجی استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے مل کر کام کریں گی۔ چینی ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لئے نیا دور شروع کیا جائے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں متعلقہ فریق یکجہتی پر قائم رہ سکتے ہیں متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے لئے مل کر کام کر سکتے ہیں۔