نگران حکومت نے ذمہ داری پوری کر دی‘ اداروں پر اعتماد کرنا چاہئے: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آ باد (خبر نگار خصوصی ‘ آئی این پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کردی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کمشنر راولپنڈی کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی قائم ہے اور الیکشن کمشن بھی اس معاملہ پر کارروائی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں اور نظام پر اعتماد کرنا چاہئے، قانونی عمل چل رہا ہے تو اس کا انتظار کیا جانا چاہئے۔  آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمیشن کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا اور نوٹیفکیشن ملتے ہی اسمبلی اجلاس بلانے کی سمری صدرکو بھجوائیں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نیشنل پلان فار فلڈ ٹیلی میٹری پروگرام کے تحت پورے ملک میں مختلف چھوٹے بڑے دریائوں پر 707  ٹیلی میٹری سٹیشن لگائے جائیں گے۔  سینٹ میں سینیٹر محمد ہمایوں مہمند کی آبی وسائل اور سیلاب کی صورتحال سے متعلق تحریک پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا کہ 2010 کے سیلاب کے بعد وزارت آبی وسائل نے نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان 4 ترتیب دیا، تین سال کی سوچ بچار کے بعد اس پلان کو حتمی شکل دی گئی۔ قبل ازیں پاکستان میں آبی وسائل اور تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والے مسائل پر تحریک پر بحث میں لیتے ہوئے سینیٹر ڈاکٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ پاکستان کو مستقبل میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب اور پانی کی کمی کا سامنا رہے گا، مستقبل میں اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی وضع کرنی ہو گی۔ سینیٹر ثنا جمالی نے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانی چاہیے۔ سینیٹر فوزیہ ارشد نے کہا کہ عوام میں پانی کے استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنی چاہیے۔ سینیٹر رخسانہ زبیری نے کہا کہ پانی ضائع ہو رہا ہے، پاکستان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، اس پر توجہ دینا ہو گی۔ سینیٹر مولوی فیض محمد اور سینیٹر ثانیہ نشتر نے بھی بحث میں حصہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن