2 آزاد ارکان ن لیگ میں شامل، مقابلہ الیکشن میں تھا، اب مسائل سے کرنا ہے: شہباز شریف

Feb 20, 2024

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کو قومی اور پنجاب اسمبلی کی مزید ایک ایک نشست مل گئی۔ این اے 12 کوہستان سے آزاد رکن محمد ادریس اور پنجاب اسمبلی کے پی پی 242 بہاولنگر سے منتخب رکن کاشف نوید پنسوتہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔ نامزد وزیراعظم شہباز شریف سے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے الگ الگ ملاقات کی۔ شہباز شریف نے محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔ محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے نوازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ محمد ادریس اور کاشف نوید پنسوتہ نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہی ملکی مسائل کا حل ہے، عوام اور سپورٹرز کی حمایت سے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ کا جذبہ لائق تعریف ہے، عوام اور آپ کی توقعات پر پورا اتریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے بچانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے مسائل کے حل کی اجتماعی سوچ درکار ہے۔ تعاون اور برداشت کے قومی جذبے سے ہی مسائل کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، مقابلہ الیکشن میں تھا، اب متحد ہوکر پاکستان کو درپیش مسائل کا مقابلہ کرنا ہوگا، انتخابی میدان میں مقابلے کے جذبے کو اب پارلیمان میں تعاون کے جذبے میں بدلنا ہے۔

مزیدخبریں