برطانوی مال بردار جہاز تباہ، امریکی ڈرون مار گرایا: حوثی گروپ کا دعویٰ 

Feb 20, 2024

صنعا (نوائے وقت رپورٹ) حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک برطانوی مال بردار جہاز پر حملہ کر کے تباہ کر دیا جبکہ ایک امریکی ڈرون کو بھی مار گرایا ہے۔ قطری نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق حوثی گروپ غزہ میں اسرائیل کی جاری جنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ حوثیوں کی جانب سے حملے کا دعویٰ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے بحیرہ احمر میں یمن کے حوثی باغیوں کے زیرِ کنٹرول علاقوں سے زمینی اور سمندری راستوں پر حملوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنے دفاع میں 5 مقامات پر کامیاب نشانے داغے تھے۔ امریکہ اور حوثیوں کے درمیان مسلسل جوابی کارروائی کی وجہ سے تنازع میں اضافہ ہوگیا ہے۔ حوثی فوجی ترجمان یحیٰی ساری نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ کے روبیمار کارگو جہاز کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاز کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے اس کے ڈوبنے کا خطرہ ہے، تاہم آپریشن کے دوران ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ جہاز کے عملے کو بحفاظت نکال لیا جائے۔

مزیدخبریں