فیصل آباد ‘چنیوٹ‘گیس بلوں میں اضافہ کیخلاف لیبر پارٹیوں کااحتجاج  

فیصل آباد+چنیوٹ(نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت) آئی ایم ایف کی ایما پر نگران حکومت کی جانب سے گیس کے بلوں میں بے تحاشہ اضافہ کیخلاف پاکستان لیبرقومی موومنٹ اور حقوق خلق پارٹی کے زیر اہتمام قادرآباد چوک میں احتجاجی مظاہرہ سے تحریک کا آغازپاکستان کے مانچسٹر میں گیس کی قیمتوں میں 67%فیصد اضافہ کرکے انڈسٹری اور گھریلوصارفین کی چیخیں نکلوا دیں عام گھریلو صارف کا گیس بل دس ہزار سے لیکر نوے ہزار تک آنے پر مزدور سراپہ احتجاج گیس کی قیمتوں میں اضافے سے آنے والے دنوں میں گیس سے چلنے والی فیکٹریاں بند ہونے سے بے روزگاری کا طوفان آئے گا جب مزدور بے روزگار ہونگے تو گیس کے بل کہاں سے ادا کریں گے احتجاجی مظاہرہ کی قیادت بابا لطیف انصاری چیئرمین پاکستان لیبرقومی موومنٹ صدر حقوقِ خلق پارٹی پنجاب ‘زین جٹ ‘ظفر اقبال ناگرہ ‘ شاہد موچھا ‘ زبیر جھارا ‘ عابد شاہ ودیگر عہدے دران کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے بابا لطیف انصاری نے کہا کہ ظالم آئی ایم ایف کی پٹھو نگران حکومت نے جاتے جاتے غریب عوام کے پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا۔ چنیوٹ و گردونواح میں گیس کی بد ترین بندش اور گیس بلوں میں بے تحاشا اضافہ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ چنیوٹ و گردونواح میں گیس کی بندش سے شہریوں کو دو وقت کا گھروں میں کھانا نہ ملنے سے شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ شہری ہوٹلوں سے مہنگے داموں روٹی منگوانے پر مجبور ہو گئے۔ گیس کی بندش کے باعث سکول کے بچے ناشتہ کیے بغیر جانے لگے جبکہ گیس کے بلوں میں 67فیصد اضافہ سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی۔ حکومت نے گیس کے بلوں میں 67فیصد اضافہ کیا جو کہ عوام کے ساتھ ظلم کی انتہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا حکومت گیس کی بندش کے خاتمہ کے لیے اقدامات کرے اور گیس کے بلوں میں اضافہ فوری واپس لے ورنہ عوام اب سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن