وزیراعلی محسن نقوی کا پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ، سپورٹس جمنیزیم کا افتتاح ، آئی جی پولیس کیساتھ بیڈ منٹن کھیلی،کھیلوں کی سہولتوں کاجائزہ لیا

Feb 20, 2024 | 15:32

 وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ کالج لاہورکا دورہ کی اور پولیس ٹریننگ کالج کے سپورٹس جمنیزیم کا افتتاح کردیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سپورٹس جمنیزیم کا دورہ کیا اور زیر تربیت پولیس کے لئے فراہم کردہ کھیلوں کی سہولتوں کاجائزہ لیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سوئمنگ پول،جم،لانگ ٹینس کورٹ اوربیڈمنٹن کورٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ بیڈ منٹن کھیلی۔وزیر اعلی محسن نقوی نے میس کا بھی دورہ کیا اور زیر تربیت پولیس کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے جم میں ایکسرسائز کیلئے جدید مشینیں رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ کالج میں ٹرینز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت بچیوں نے ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد فیلڈ میں جانا ہے۔ سب کو تلقین ہے کہ آپ نے ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے ہیں اور حق حلال کی روزی کمانی ہے۔ اگر آپ حق حلال کی روزی کمانے کی نیت کرلیں تو اللہ تعالی رزق میں اضافے کے سو راستے اور نکالے گا۔حق حلال کی کمائی میں برکت ہے۔مجھے یقین ہے کہ آپ حق حلال کی کمائی کے ذریعے اپنے خاندان اورپنجاب پولیس کا نام روشن کریں گی۔ اپنی فورس کے لئے جہاں تک جتنا ممکن ہوسکے کام کرنا ہے۔ پولیس ٹریننگ کالج کی عمارت چند ماہ میں مکمل طورپر نئی کر دی گئی ہے۔ کافی عرصہ پہلے پولیس ٹریننگ کالج آیا تھا،انتہائی پرانی عمارت تھی،ٹریننگ کا لج ٹوٹا پھوٹا تھا۔اب جیسے ہی میں پولیس ٹریننگ کالج میں داخل ہواتوبہتری کا احساس ہوا ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ نیویارک یا لاس اینجلس پولیس کا ٹریننگ سنٹرہے۔ تھانوں کی اپ گریڈیشن کا کریڈٹ آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کو جاتا ہے جنہوں نے پنجاب کے ہر تھانے کی شکل تبدیل کر دی ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پہلے فخر سے کہتے تھے کہ ہر تھانے کی شکل بدل دی ہے لیکن اب یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ ہر تھانے کے ساتھ پولیس کے ٹریننگ سنٹرز کی شکل بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ آئی جی پولیس ڈاکٹر عثما ن انور اور ان کی ٹیم نے محنت کے ساتھ سیف سٹی پراجیکٹس اور پولیس ویلفیئر کیلئے بہت کام کیاہے۔پنجاب کے تھانوں کو اپ گریڈ کیاگیا ہے اورتھانوں کی شکل اب پہلے سے بہت بہتر ہوچکی ہے اوریہ ڈاکٹر عثمان انور کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محسن نقوی نے پنجاب پولیس کی فلاح و بہبود کے لئے بہت اقدامات کیے ہیں جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔پنجاب پولیس کا ایک دور وزیر اعلی محسن نقوی سے پہلے کا ہے اور ایک دور وزیر اعلی محسن نقوی کے بعد کا۔سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جیز، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج لاہور، ڈی آئی جی آپریشن اور اعلی پولیس افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزیدخبریں