میرا فوری دوبارہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں

Feb 20, 2024 | 16:21

سابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ میرا فوری دوبارہ سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی رائے ہی تسلیم نہیں ہو رہی۔علی زیدی نے کہا کہ ساری دنیا میں ہمارا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔فیورٹ سیاسی جماعت وہ ہے جو میں نے اپنے ہاتھوں سے بنائی تھی۔ قبل ازیں حسان نیازی کیس میں پیشی پر علی زیدی نے کہا کہ آج میں نے جج صاحب سے گزارش کی ہے کہ پولیس کے گواہوں سے قرآن مجید پر حلف لیں، میں بھی قرآن پر حلف کے لیے تیار ہوں، دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہو جائے گا۔ سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو منافقوں نے گھیرے میں لے لیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دشمن کی تلوار سے منافق کی ہمدردی زیادہ خطرناک ہوتی ہے، منافقوں کے اس ٹولے نے 3 چیزیں کیں۔علی زیدی نے کہا کہ منافقوں نے ہر اس شخص کو بانی پی ٹی آئی سے دور کر دیا جو اختلافِ رائے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ لوگ مخلص لوگوں کے بارے میں جھوٹ بول کر بانی پی ٹی آئی کو گمراہ کرتے رہے۔ علی زیدی نے کہا ہے کہ بعض لوگ بانی پی ٹی آئی سے میٹنگ کروانے کے بھی پیسے پکڑتے تھے، جو آج آپ دیکھ رہے ہیں، اس کی پیش گوئی تو پہلے ہی کی جا چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ منافقوں کا ٹولہ اٴْن سب کو پروموٹ کرتا جو بانی پی ٹی آئی کے سامنے صرف جی سر بولتے، جو بھی اسٹیبلشمنٹ کی مخالفت کرتا، اٴْس کی آواز کو زور و شور سے پروموٹ کرتے۔علی زیدی نے کہا کہ صبر اور خاموشی ایک نعمت ہے، خاص طور پر اس وقت جب ہنگامہ برپا ہو۔انہوںنے کہاکہ 24 سال جدوجہد کے بعد یہ تماشہ خاموشی سے دیکھ رہا ہوں، اِس دوران ایک کے بعد ایک، یہ سب خود بے نقاب ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں