ن لیگ پیپلزپارٹی کونہ منا سکی ،پیپلزپارٹی کا وزارتیں لینے سے انکار ،مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار

عام انتخابات کے نتائج کے بعد وفاق سمیت پنجاب میں حکومت سازی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات میںڈیڈلاک تاحال برقرارہے،ن لیگ پیپلزپارٹی کو وفاق میں وزارتیں لینے کے معاملے میں منا نہ سکی ،پیپلزپارٹی نے وفاق میں وزارتیں لینے سے انکار کر دیا۔حکومت سازی کیلئے دونوں جماعتوں کی اہم بیٹھک آج بھی ہوگی۔ اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنماءقمر زمان کائرہ نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے وزارتیں نہیں لینی ہیں پیپلزپارٹی صرف ن لیگ کی حکومت بنانے میں ساتھ دیں گے۔ہم آصف زرداری کو صدارت کا امیدوار بنائیں گے، جب جماعتوں میں اتحادہوتا ہے تو ایک دوسرے کے خلاف امیدوار نہیں لاتیں۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ نیا وزیراعظم 2 مارچ تک منتخب کیا جائے گا، تب تک باقی معاملات طے کر رہے ہیں تا کہ پھر بعد میں مسئلہ نہ ہوجبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءاور سابق وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ میں پیپلزپارٹی کی شمولیت کے معاملے پر کچھ چیزیں طے شدہ ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے، آج دوبارہ نشست ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بات چیت مثبت انداز میں جاری ہے، کابینہ میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کے حوالے سے کچھ چیزیں پہلے سے طے شدہ ہیںجبکہ اسحاق ڈار نے بھی کہا ہے کہ کوشش ہے حکومت سازی کیلئے مذاکرات جلد مکمل کرلیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان مذاکرات کے 5دور ہو چکے ہیں ۔گزشتہ روز بھی دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات ن لیگی رہنماءاسحاق دار کی رہائش گاہ پر ہوئے تھے ۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تاحال حکومت سازی کے معاملات کو حتمی شکل نہ دی جا سکی اس حوالے سے مذاکرات کا پانچواں دور بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو ا ۔حکومت سازی کے حوالے سے گزشتہ شب دونوں جانب سے حتمی تجاویز کا تبادلہ کیا گیاتھااور ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

ای پیپر دی نیشن