ملک میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کی سروس ( سابق ٹوئٹر) کچھ دیر بحال رہنے کے بعد دوبارہ متاثر ہوگئی ہے۔
ملک بھر میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی سروس کی آنکھ مچولی کا سلسلہ اتوار سے شروع ہوگیا تھا جو تاحال جاری ہے۔ آج صبح بھی کچھ دیر سروس بحال رہنے کے بعد ایک بار پھر بندش کا شکار ہے۔
خیال رہے کہ پیر کی رات دیڑھ گھنٹہ بحالی کے بعد دوبارہ متاثر ہوگئی، اتوار کو بھی ایکس کی سروس آدھا گھنٹہ بحال ہونے کے بعد پھرڈاؤن ہو گئی تھی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سروس کی مسلسل آنکھ مچولی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق ابتداً پاکستان میں 17 فروری کی شب 9 بجے سے ایکس کی سروس ڈاؤن ہونے کی شکایات موصول ہونا شروع ہوئی تھیں۔
تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایکس کی بندش پر مؤقف دینے سے گریزاں ہے۔