عالمی نمبرایک کیرولائن ووزنیاکی، جسٹن ہینن، وینس ولیمز، مریا شراپووا، اینڈی روڈک، نووک یوکووچ اور ٹومس برڈچ نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

Jan 20, 2011 | 00:40

سفیر یاؤ جنگ
میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے تیسرے روزعالمی نمبر ایک ڈنمارک کی کیرولائن ووزنیاکی نے وانیا کنگ کو سٹریٹ سیٹس میں چھ ایک اورچھ صفرسے ہرادیا، انہوں نے صرف اٹھاون منٹس میں کامیابی حاصل کرکے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔ سات گرینڈ سلام کی فاتح بیلجیئم کی جسٹن ہینن نے ایلینا بالاچا کو بآسانی چھ ایک اورچھ تین سے شکست دی، تیس سالہ وینس ولیمز کو اپنی جمہوریہ چیک کی حریف کو ہرانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ پہلا سیٹ چھ سات سے ہارگئیں لیکن اس کے بعد انہوں نے چھ صفر اورچھ چارسے کامیابی حاصل کرلی۔ سابق عالمی نمبرایک روس کی مریا شرپووا کی فتوحات کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ انہوں نے ورجنی ریزائی کو انتالیس غیریقینی غلطیوں کے باوجود سات چھ اورچھ تین سے ہرا دیا۔ دوسری طرف مردوں کے مقابلوں میں نمبرچھ سیڈ چیک ری پبلک کے ٹومس برڈچ نے فلپ کولش ریبرکے خلاف پہلا سیٹ چارچھ سے ہارنے کے بعد چھ دو، چھ تین اورچھ چارسے کامیابی حاصل کی۔ اینڈی روڈک نے ایگورکونسٹین کو سات چھ، چھ دو اور چھ تین سے ہرایا۔ تیسرے روزکا سب سے زبردست میچ سپین کے فرنینڈو ورڈاسکو اور سربیا کے جنکو ٹپ ساروچ کے درمیان کھیلا گیا، ورڈاسکو پہلے دوسیٹ ہارگئے لیکن انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی، میچ کا سکور دو چھ، چار چھ، چھ چار، سات چھ اورچھ صفررہا۔ سربیا کے نووک یوکووچ نے ایوان ڈوڈنگ کو شکست دی۔
مزیدخبریں