پنجاب میں گیس کا بحران، لاہور، ساہیوال اورشیخوپورہ کی صنعتوں کوآج سے چاردن کے لئے گیس کی فراہمی منقطع کر دی گئی ۔

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے نئے لوڈ مینجمنٹ شیڈول کے مطابق لاہور،شیخوپورہ اورساہیوال ریجن کی صنعتوں کو گیس کی سپلائی آج صبح چھ بجے سے چارروز کے لیے گیس بند کر دی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی مسلسل فراہمی کے لیے صنعتوں اور سی این جی سٹیشنز کی گیس بند کی جاتی ہے جبکہ دوسری جانب آئے دن گھریلو صارفین بھی گیس کی بندش کے خلاف سڑکوں پرمظاہرہ کرتے نظر آتے ہیں۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے محکمہ گیس کی جانب سے لوڈمنیجمنٹ کے شیڈول کے بعد بھی گیس کی فراہمی بحال نہیں ہوتی اور رابطہ کرنے پر ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے۔ اُدھرفیصل آباد ریجن کی چھ سو سے زائد صنعتوں کو چوتھے روزبھی گیس کی فراہمی بند رہی جس کی وجہ سے چارلاکھ سے زائد مزدورفاقہ کشی پرمجبور ہیں۔ فیصل آباد میں گیس اوربجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ناصرف مزدورطبقہ اور صنعتکار پریشان ہیں بلکہ اس سے حکومت کو زرمبادلہ کی مد میں اربوں روپے کا نقصان بھی ہورہا ہے۔ صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بینکوں سے کروڑوں روپے کے قرضے لے رکھے ہیں جس پر انہیں لاکھوں روپے مارک اپ دینا پڑرہا ہے، صورت حال ایسی ہی رہی تو وہ دیوالیہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیصل آباد کی صنعتوں کو وزیراعظم کے وعدے کے مطابق ہفتے میں پانچ دن گیس فراہم کی جائے اور لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کرکے بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے۔ دوسری طرف مزدورں کا کہنا ہے کہ آئے روزگیس کی بندش سے ان کے گھروں میں چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن