سندھ کے انتظامی معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے۔ آئندہ کراچی آپریشن سے پہلے صوبائی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ رحمان ملک

کراچی ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ رینجرز کو دہشتگردوں کی اطلاع ملنے پر کارروائی کے اختیارات حاصل ہیں۔ شہر میں آپریشن کا فیصلہ سب کی رضا مندی سے ہوا تھا۔ تریسٹھ سال میں پاکستان کو ہمیشہ مارا گیا ہے۔ دہشتگرد چاہے جنوبی افریقہ سے آئے ہوں یا باجوڑ سے ان کا ایجنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ مغربی سرحد پر اور شہری علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے دہشتگردوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے یو اے ای جانے سے پہلے بتادیا تھا کہ اب ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوگی۔ ان کی انٹیلی جنس کی وجہ سے دہشتگردی کے کئی منصوبے ناکام ہوئے۔ سابق وزیرمملکت نبیل گبول کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر رحمان ملک نے کہا کہ پولیس نے نبیل گبول کے گھر پر چھاپہ مارا اور نہ ہی ان کے گارڈز کو حراست میں لیا گیا بلکہ ان کے مستعفی ہونے کے بعد گارڈز کو واپس بلالیا گیا۔ اس موقع پررحمان ملک نے ایک بار پھر واضح کیا کہ توہین رسالت قانون میں ترمیم نہیں کی جائے گی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی کمیٹی بنائی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن