ملتان (نوائے وقت رپورٹ) شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ جس دن اسمبلیاں ٹوٹیں، نگران حکومت آئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ پرانا شجاع آباد روڈ پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راجہ پرویز اشرف نے ووٹ حاصل کرنے کیلئے اپنے حلقہ میں پندرہ ارب روپے کے منصوبے لگائے ہیں۔ اسلم رئیسانی کی اسمبلی میں اکثریت ہونے کے باوجود بھی گورنر راج لگانا پڑا، ملکی صورتحال خراب ہے جبکہ صدر ملکت سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آفرین ہے حکومت پر کہ کرپٹ وزیر کو وزیراعظم بنا دیا گیا۔