رائے ونڈ:زیر تعمیر فارم ہاﺅس سے 4مزدوروںکی نعشیں برآمد

Jan 20, 2013

رائے ونڈ (نامہ نگار) نواحی گاﺅں جودھو دھیر صوئے آصل روڈ پرلاہور گلبرگ کے رہائشی ٹھیکیدارحاجی اشفاق کے زیر تعمیر فارم ہاﺅس سے 4مزدوروں کی نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ فارم ہاﺅس کے ٹھیکیدار حاجی اشفاق کے چار جواں سالہ ملازمین سکیورٹی گارڈ جاوید،چاند ،مستری اسلم اور اس کا رشتہ دار افضل ظاہری طور پر زہریلا کھانا کھانے سے ہلاک نظر آتے ہیں ،چاروں ملازمین کو ٹھیکیدار حاجی اشفاق جمعہ کے روز دوپہر کے وقت یہاں رکھوالی اور کام کیلئے چھوڑ کرگیا تھا ،آج ہفتہ کے روز جب اس نے مذکورہ ملازمین سے موبائل پر رابطہ کرنے کی کوشش کی تو ان میں سے کوئی بھی فون نہیں اٹھارہا تھا چنانچہ تشویش لاحق ہونے پرٹھیکیدار حاجی اشفاق نے اقبال کو صورت حال معلوم کرنے کیلئے بھیجا۔ محمد اقبال کے مطابق جب اس نے فارم ہاﺅس کے تعمیر شدہ کمرے کے اندر جاکر دیکھا تو مذکورہ چاروں افراد اپنی جگہوں کرسی اور چارپائی پر بے جان سیدھے پڑے تھے اور ان کے منہ سے چنے کی دال کی الٹیاں نکلی ہوئی تھیں ،واقعہ کی اطلاع پاکر ٹھیکیدار حاجی اشفاق بھی موقع پر پہنچ گئے وزیر چودھری عبدالغفور بھی جائے وقوعہ پہنچ گئے اور لواحقین کو دلاسہ دیا اور میرٹ پر تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ۔پولیس کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ آنے سے قبل کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جاسکتی،ہلاک ہونے والے تمام افراد شادی شدہ اور مقامی گاﺅں کے رہائشی میواتی برادری کے محنت کش نوجوان تھے۔

مزیدخبریں