کراچی (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نگراں حکومتیں آئین کے مطابق تشکیل دی جائیں گی اور نگراں حکومتوں کے قیام کے لئے تمام اتحادی، اپوزیشن اور سیاسی قوتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لئے آئندہ انتخابات کا بروقت انعقاد ضروری ہے۔ آئندہ انتخابات شفاف انداز میں منعقد کروا کر عوام سے کیا گیا ایک اہم وعدہ پورا کر دیں گے۔ وہ ہفتے کو ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں میں ملک کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات، نگراں حکومتوں کے قیام، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان اتحاد سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے صدر مملکت کو ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صدر نے کہا کہ مسئلے کا پرامن انداز میں حل ہونا جمہوریت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب مذاکرات پر آپ اور حکومتی ٹیم کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لئے اتحادی، اپوزیشن اور سیاسی قوتوں کا متحد ہونا عوام کی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ق) آئندہ انتخابات میں مل کر حصہ لیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونے والی جماعت کو آئینی طریقے سے اقتدار منتقل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مفاہمتی پالیسی کے سبب آج ملک میں جمہوری نظام مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے اور جمہوریت کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ صدر نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر چودھری شجاعت نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے ہم حکومت کے ساتھ ہیں۔ ذرائع کے مطابق صدر کی ہدایت پر وزیراعظم آئندہ ہفتے ملک میں آئندہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان اور نگراں حکومتوں کے قیام کےلئے بات چیت کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے آئندہ انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان آئندہ ہفتے مشاورت مکمل ہونے کے بعد وزیراعظم کریں گے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ملک میں آئندہ انتخابات مئی کے پہلے ہفتے میں منعقد ہونگے۔ مزید برآں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کے تمام رہنما اور کارکنان آئندہ انتخابات کی تیاری شروع کردیں اور تمام رہنما عوام سے رابطوں میں رہیں۔ پیپلز پارٹی جلد ملک کے تمام اضلاع میں بڑے انتخابی جلسوں کا انعقاد کرے گی۔ وہ ہفتہ کو پیپلز پارٹی کے صوبائی صدور سید قائم علی شاہ، صادق عمرانی، منظور وٹو اور انور سیف اللہ سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق چاروں صوبائی صدور نے پارٹی کے چیئرمین کو پارٹی امور اور آئندہ انتخابات کے لئے پارٹی کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام کے ووٹوں سے بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔