اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی۔ نگران وزیراعظم کیلئے نام ابھی سامنے نہیں آیا۔ نگران حکومت مکمل طور پر غیرجانبدار ہو گی اور باہمی مشاورت سے بنائی جائےگی۔ رینٹل پاور کیس میں ابھی تک کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اورنہ ہی ریفرنس فائل کیا گیا۔ پاکستان کی سیاست میں طاہر القادری کا کردارنہیں ہے ان کے ساتھ مذاکرات کھلے ذہن کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ ایک انٹرویو میں وزیراطلاعات نے کہا کہ عام انتخابات آئین و قانون کے مطابق مقررہ وقت پرہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس دن اسمبلیوں کی مدت پوری ہوگی اس کے دو ماہ بعد انتخابات منعقد کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلیاں 16مارچ کو اپنی مدت پوری کرتی ہیں تو 16 مئی تک دو ماہ ہوتے ہیں تو عام انتخابات 5 سے 16 مئی کے دوران ہونے ہیں اگر کسی اور وجہ سے اسمبلیاں قبل از وقت توڑ دی جاتی ہیں تو اس صورت میں انتخابات 90 دن میں کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خود اپنی مدت نہیں بڑھا سکتی، اس کےلئے اسمبلی موجود ہے۔ نگران وزیراعظم کا نام اپنے وقت پر سامنے آئےگا۔ ابھی تک اس بارے میں اتحادی جماعتوں کے درمیان کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) اپنے طور پر مشاورت کررہی ہے۔ جب وقت آئےگا تو مسلم لیگ (ن) سمیت اسمبلیوں میں اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کی جائےگی۔