میلبورن اے پی پی) پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی کو آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈڈبلز ایونٹ کے پہلے راﺅنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اعصام اور ان کی سوئٹزرلینڈ کی جوڑی دار صوفیااروڈسن کو پہلے راﺅنڈ میں روس کی ایلیناویسنینا اور ان کے بھارتی جوڑی دار لینڈر پائس نے سخت مقابلے کے بعد زیر کر کے اگلے راﺅنڈ میں جگہ بنائی۔ پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق قریشی آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے تیسرے راﺅنڈ میں آج ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اعصام الحق اور ان کے ہالینڈ کے جوڑی دار جین جولین راجر کی جوڑی برازیل کے تھامز بیلوکی اور ان کے فرانسیسی جوڑی دار بینوئٹ پیئر کے مدمقابل ہوں گے۔ ولیمز سسٹرز کی فتوحات کا سلسلہ برقرار رہے، ویمنز ڈبلز کے تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ولیمز سسٹرز نے دوسرے راﺅنڈ میں روس کی ویرا دشوینا اور بیلاروس کی اولگا گورٹسوا پر مشتمل جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں باآسانی شکست دی۔ مارکوس بغداتس اور گریگورڈیمی ٹروو آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز کے تیسرے راﺅنڈ میں پہنچ گئے۔ بغداتس اور ڈیمی ٹروو نے دوسرے راﺅنڈ میں میکس مرینی اور ہوریا ٹیکووا کو شکست دی۔ سرینا ولیمز، وکٹوریہ آزرینکا، کیرولین وزنیاکی، سوتلانہ کزنیٹسووا، ایلینا ویسنینا اور ماریہ کریلینکو نے اپنے اپنے میچ جیت کر آسٹریلین اوپن کے چوتھے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری ویمنز ایونٹ کے تیسرے راﺅنڈ میں عالمی نمبر ایک بیلاروس کی وکٹوریہ آزرینکا نے امریکہ کی جمی ہیمپٹن کو سخت مقابلے کے بعد 6-4 ، 4-6 اور 6-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔ عالمی نمبر تین امریکہ کی سرینا ولیمز نے جاپان کی ایومی موریتا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-1 اور 6-3 سے شکست دے کر چوتھے مرحلے میں جگہ بنا لی۔ عالمی نمبر دس ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی نے یوکرین کی لیزا سرینکو کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی اور چوتھے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کیا، وزنیاکی کی جیت کا سکور 6-4 اور 6-3 رہا۔ روس کی سوتلانہ کزنیٹسووا نے سپین کی کارلا سریز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-2 ، 4-6 اور 6-3 سے ہرایا، روس کی ایلینا ویسنینا نے اٹلی کی روبرٹا ونچی کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 4-6 ، 7-6 اور 6-4 سے شکست دی جبکہ روس ہی کی ماریہ کریلینکو نے بیلجیئم کی یانینا وکمائر کو 7-6 اور 6-3 سے ہرا کر چوتھے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔
آسٹریلین اوپن ٹینس : اعصام الحق کو مسکڈ ڈبلز میں شکست‘ سرینا‘ آزارنیکا‘ وزنائیکی چوتھے راﺅنڈ میں داخل
Jan 20, 2013