لاہور(پ ر)وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سمیت تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں نے شرپسند ، غیرجمہوری عناصر سے ریاست اور سیاست دونوں کو بچا لیا ہے اورا یسے بیرونی عناصر جو انقلاب کے نام پرگزشتہ چند ہفتوں سے ٹوپی ڈرامہ کرکے جمہوری نظام کو ڈی ریل کرنا چاہتے تھے، کو منہ کی کھانا پڑی ہے-فلاپ شو کرکے انقلاب لانے والا جادوگر جلد ملک سے بھاگ کھڑا ہوگا-انہوں نے کہا کہ جعلی انقلاب کے نام پرمعصوم بچوں اور عورتوں کو شدید سردی میں اسلام آباد کی سڑکوں پر یرغمال بنانے والوں نے لالی پاپ معاہدہ کرکے صرف اپنی عزت بچائی ہے، مسلم لیگ (ن) اور دیگر تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں نے ایسے شرپسند عناصرکے ایجنڈے کو ناکام بناتے ہوئے یہ پیغام دیا ہے کہ تبدیلی صرف عوام کے ووٹ سے ہی آئے گی -زعیم قادری نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے کے فروغ کے لئے کروڑوں روپے کے بیرونی فنڈ سے اشتہاری مہم چلا کر مولانا نے سستی شہرت تو حاصل کرلی ہے مگر خود ساختہ شیخ الاسلام کا خودساختہ انقلاب پانی کا بلبلہ ثابت ہوا ہے۔
جمہوریت پسند پارٹیوں نے شرپسند عناصرسے ”سیاست اور ریاست“ دونوں کو بچا لیا، زعیم قادری
Jan 20, 2013