کراچی (کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) اورنگی ٹاو¿ن کے علاقے بنارس کالونی میں موٹر سائیکل سواروں کی پولیو ٹیم پر فائرنگ سے اے ایس آئی جاںبحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بنارس کالونی یو سی 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیو ٹیم پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے اے ایس آئی تبسم علی موقع پر جاں بحق ہو گیا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق اے ایس آئی تبسم کے سر میں 2 گولیاں لگیں جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ دوسری جانب اے ایس آئی تبسم کے قتل کے بعد سائٹ اور اورنگی ٹاو¿ن میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی جب کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کراچی میں 3 دن تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کر دی جسکے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے 3روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی لگا دی جسکا اطلاق رات 12بجے سے ہو گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ پولیو مہم کو موثر بنانے کے لئے کراچی میں ڈبل سواری کی پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ کراچی کے 3اضلاع شرقی، غربی اور ملیر میں 3روزہ مہم کے دوران 12لاکھ بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ کراچی میں اس سے پہلے بھی پولیو ٹیموں پر حملے ہو چکے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پولیو ٹیم پر حملے اور اے ایس آئی کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیو ٹیموں کو مناسب سکیورٹی فراہم کی جائے۔ دوسری طرف سہراب گوٹھ، ناظم آباد اور پیر آباد میں 3مقابلوں کے دوران 3ڈاکو مارے گئے۔
کراچی حملہ
کراچی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ اے ایس آئی جاں بحق ڈبل سواری پر پابندی
Jan 20, 2015