اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس نے ملک میں جاری پٹرولیم بحران پر پی ایس او، اوگرا، فنانس، واٹر اینڈ پاور سے متعلق حکام کو آئندہ جمعہ کو طلب کرلیا، فنانس کمیٹی کا اجلاس سینیٹر نسرین جلیل کی زیر صدارت ہوا جس میں سینیٹر الیاس بلور، سینیٹر صغریٰ امام، سینیٹر کلثوم پروین، سینیٹر انجینئر ہمایوں مندوخیل، سینیٹر طلحہ محمود کے علاوہ وزارت خزانہ کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کمیٹی کے ممبران نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے ہوئے بحران پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ معاملے کے حقائق معلوم کرکے عوام کے سامنے لائے۔ متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمیٹی کے اگلے اجلاس میں متعلقہ حکام کو طلب کیا جائے جن سے پٹرولیم بحران سے متعلق پوچھ گچھ کی جائے۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نسرین جلیل نے ہدایت کی کہ اگر ان اداروں میں کوئی بھی ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس حوالے سے چیئرمین سینٹ سے خصوصی اجازت طلب کر لی جائے۔
سینٹ کمیٹی/اظہار تشویش