انٹرورسٹی ریسلنگ چیمپئن شپ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لی

لاہور+فیصل آباد (نمائندہ سپورٹس+نمائندہ خصوصی) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹرورسٹی ریسلنگ چیمپئن شپ یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے جیت لی۔ چیمپئن شپ میں 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔ حتمی نتائج کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے دوسری‘ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور سپیریئریونیورسٹی نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فائنل رائونڈ میں57کلوگرام کیٹگری میں یو سی پی کے حافظ عارف نے زرعی یونیورسٹی کے مبین کوہرایاجبکہ 61کلوگرام کیٹگری میں یو سی پی کے محمد محسن نے بی زیڈیو کے خرم کو شکست دی۔ 65کلوگرام میں یو سی پی کے حسن محمد نے پنجاب یونیورسٹی کے راحیل پر فتح حاصل کی جبکہ 70کلوگرام میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے امتیاز حسین نے اسلامیہ یونیورسٹی کے حسین کو شکست دی۔ 74کلوگرام کیٹگری میں یو سی پی کے دانش نے سپیریئریونیورسٹی کے حافظ علی پر سبقت حاصل کی جبکہ 86کلوگرام میں سو سی پی کے محسن نذاکت نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے حامد کو ہرایا۔97کلوگرام کیٹگری میں یو سی پی کے علی اقدس نے سپیریئریونیورسٹی کے کمال اسلام پر کامیابی اپنے نام کی جبکہ 125کلوگرام کیٹگری میں یو سی پی کے موسیٰ اکرم خان نے پنجاب یونیورسٹی کے محمد ابراہیم کوہرادیا مہمان خصوصی وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ ملکی سطح پر سپورٹس تنزلی کا شکار ہے۔ سنوکر عالمی چمپئن محمد آصف سمیت ٹاپ رینکنگ میں شامل کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے سنوکر اکیڈمی رات گئے تک کھلی رہتی ہے ۔یونیورسٹی میں وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے 12کروڑ روپے کی لاگت سے بہت جلد سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر شروع کردی جائیگی۔

ای پیپر دی نیشن