لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی صدارت کے امیدوار میجر جنرل اکرم ساہی نے کہا ہے کہ برسراقتدار گروپ اپنی کامیابی کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع ہو گیا ہے جس میں پی او اے آئین کی بھی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں اکرم ساہی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشن کو باضابطہ تحریری اعتراض جمع کرا دیا ہے۔ 2012ء کے پی او اے انتخابات میں بھی انفرادی ممبرز کو ووٹ کا حق نہیں تھا جبکہ چار سال بعد ہونے والے انتخابات میں اپنے آپ کو کامیاب کرانے کے لیے لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن نے 18 جعلی ووٹ بنا کر انہیں ہاوس کا حصہ بنا لیا ہے۔ علاوہ ازیں نے کامیاب کے لیے الیکشن میں دو دو عہدوں پر ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے ناموں کا انداراج کرا رکھا ہے۔ الیکشن کمشن کو چاہیے کہ وہ انتخابات سے قبل دونوں گروپس کے اعتراضات کو دور کرنے کے لیے اقدامات کرئے۔ دوسری جانب پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انفرادی ممبرز کے ووٹ کے بارے میں آئی او سی پہلے سے اجازت دے چکا ہے جس کی روشن میں ان ممبران کو الیکٹرول رول کا حصہ الیکشن کمشن کی جانب سے بنایا گیا ہے۔
پی او اے کا برسراقتدار گروپ منفی ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے : اکرم ساہی
Jan 20, 2016