اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کی چھٹی جے سی سی میں منظور کئے جانے والے نئے منصوبوں پر ہوم ورک کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔ وزیر منصوبہ بندی کی صدارت میں جے سی سی کی چھٹی میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر‘ وزیراعلیٰ کے پی کے پرویزخٹک‘ وزیراعلیٰ گلگت وبلتستان حفیظ الرحمان‘ سندھ اور پنجاب کے صوبائی وزراءاور دیگر افسران نے شرکت کی۔ بعد ازاں مشترکہ نیوز کانفرنس میں وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ اس بات پر اتفاق رائے پایا گیا جے سی سی کی چھٹی میٹنگ کے اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا ہوم ورک جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا پاک چین مشترکہ ورکنگ گروپس کے پاکستانی حکام جلد اپنے اجلاس بلا کر توانائی‘ انفراسٹرکچر اور دیگرشعبوں کے نئے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے۔ انہوں نے خیبر پی کے میں سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے عمل کو خوش آئند قرار دیا۔ سی پیک پورے خطے کے لئے گیم چینجر ہو گا۔ پاکستان دنیا کا ایک نیا تجارتی مرکز بن کر ابھرے گا۔ سی پیک کی سرمایہ کاری 50 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر سی پیک پر پائی جانے والی یک جہتی کے خلاف سازشیں کر کے غلط فہمیاں پھیلارہے ہیں۔ مگر سی پیک پر یک جہتی کا مظاہرہ کر کے قومی قیادت نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا ہے۔ سی پیک کے بارے میں تمام صوبوں کے تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ چین کی صنعتیں یہاں منتقل ہوں گی اور ان میں پاکستانی محنت کش کام کریں گے۔ پوری دنیا سی پیک میں شمولیت کی خواہاں ہے۔ بھارت خود کو اس منصوبے سے کیسے الگ رکھ پائے گا۔ کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے کے پی کے حکومت کے تمام تحفظات دور ہو گئے ہیں۔ صوبے میں موجود دیگر سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے لئے وزیراعظم کی طرف سے اے پی سی کا انعقاد مفید ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں زراعت‘ معدنیات اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری لانے کے لئے چین میں مارچ میں روڈ شوز کا انعقاد کیا جائے گا۔ احسن اقبال نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے بارے میں سرکاری ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت کو سی پیک فوبیا ہو گیا ہے منصوبہ پاکستان سمیت پورے جنوبی ایشیا کے فائدے کیلئے ہے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے منصوبے پر تحفظات دور کرنے کے لئے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا۔ احسن اقبال نے سی پیک پاکستان کے لئے اس صدی کا سب سے بڑا تحفہ ہے اور پاکستان کیلئے ایشیئن ٹائیگر بننے کا بہترین موقع ہے۔ دریں اثناء نجی ٹی وی کو انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا ہے گوادر میں آئندہ ایک سے دو برس میں پانی کے مسئلے کو حل کر لیا جائے گا اورپانی کی فراہمی یقینی بنانے کےلئے پلانٹس لگائے جائیں گے،بجلی خرید کر ریکوری کریں گے اور قرضوں کی ادائیگیاں کی جائیںگی ،ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے سیکیورٹی کی قیمت چکانا پڑ رہی ہے سی پیک کی وجہ سے سرمایہ کار پلانٹ لگا رہے ہیں ،ہماری لانگ ٹرم منصوبہ بندی2030تک ہے ۔وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک مکمل روڈ میپ کے تحت بنایا جا رہا ہے اور اس کے منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں سیمنٹ انڈسٹری اپنی پیداوار بڑھا رہی ہے ،توانائی منصوبوں میں 35ارب ڈالرز کا کوئی قرضہ نہیں ہے اس کے علاوہ 15ارب ڈالر چین انتہائی آسان شرائط پر قرض دے رہا ہے ۔وزیرمنصوبہ بندی نے کہا چین کے ساتھ ہائیڈل اور کول پراجیکٹ پر زیادہ توجہ دی ہے ،بجلی خرید کر ریکوری کریں گے اور قرضوں کی ادائیگیاں کی جائیں گی ،ماضی کی غلطیوں کی وجہ سے سیکیورٹی کی قیمت بھی چکانا پڑھ رہی ہے ،سیکیورٹی کےلئے ایک فیصد لاگت منصوبے میں شامل کی گئی ہے۔
احسن اقبال