بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چین نے بھارتی فوج کا کمیونیکیشن نیٹ ورک تباہ و برباد کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے جس کے نتیجے میں بھارت کے اربوں ڈالر کے ہتھیار جنگ کی صورت میں محض کاٹھ کباڑ بن کر رہ جائیں گے ۔بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز“ کی رپورٹ کے مطابق مودی سرکار کو خبردار کیا گیا ہے کہ فوج کا کمیونیکیشن سسٹم سکیورٹی کی خامیوں سے بھرا پڑا ہے اور اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ چین کا جاسوسی سافٹ ویئر پہلے ہی بھارت کے ملٹری نیٹ ورک میں سرایت کر چکا ہے۔ فیوچر کور ٹیکنالوجیز اینڈ پرابلم سٹیٹمنٹس کے متعلق جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چین کا نقصان دہ سافٹ ویئر نہ صرف زمانہ امن میں قیمتی عسکری معلومات چراسکتا ہے بلکہ جنگ کی حالت میں ہتھیاروں کو چلنے سے پہلے ہی بے کار کرسکتا ہے۔بھارتی ائیرفورس کے سابق سربراہ فالی میجر نے چین کی جانب سے لاحق خطرے کے بارے میں بات کرتے ہوئے خبردار کیا چین کا حملہ ہمارے فوجی کمپیوٹروں کا مکمل کنٹرول حاصل کرکے تمام ڈیٹا کرپٹ کرسکتا ہے، جس کے نتیجے میں ہمارا ملٹری نیٹ ورک بے کار ہوکررہ جائے گا۔ آرمی ڈیزائن بیورو کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسئلے کی جڑ بیرون ملک سے درآمد کئے جانے والے ہتھیار ہیں، جن میں استعمال ہونے والے الیکٹرونک سرکٹ کی بھاری تعداد چین کی تیار کردہ ہے۔