لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق فاسٹ بائولر شبیراحمد نے نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میںپاکستان ٹیم کی کلین سویپ شکست کو شرمناک قرار دیتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ سے شرمناک شکست کی بنیادی وجہ قومی سلیکشن کمیٹی کا ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کار کردگی دکھانیوالے کھلاڑیوںکو قومی ٹیم میںشامل نہ کرنا ہے ۔ عمر اکمل ،کامران اکمل،صدف حسین،محمد آصف اور سلمان بٹ ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانے کے باوجود چیف سلیکٹرانضمام الحق اور کوچ مکی آرتھر کے تعصب کی وجہ سے قومی ٹیم میں شمولیت کے حق سے محروم ہیں۔سلیکٹرز اور کوچ کی پسند ناپسند سے ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کرکٹ ٹیم ناکامیوں کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے۔ کرکٹ بورڈ نے ملکی و غیر ملکی کوچزاور ٹریننگ سٹاف کی فوج ظفر موج اکٹھی کر رکھی ہے لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی بیٹنگ،بائولنگ اور فیلڈنگ تمام شعبوں میں کارکردگی شرمناک ہے لہٰذا ان سب کو فارغ کرکے ملکی کوچنگ اور ٹریننگ سٹاف رکھا جائے
کلین سویپ کے بعد قومی سلیکشن کمیٹی مستعفی ہو جائے : شبیر احمد
Jan 20, 2018