لندن (بی بی سی) برطانیہ میں ایک بیوٹی بلاگر نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا ہے کہ انہوں نے شیمپو کی ایک کایا پلٹ اشتہاری مہم میں سکارف پہن کر شرکت کی ہے امینہ خان پہلی خاتون ہیں جنہوں نے بالوں کو دیکھ بھال کے لئے چلنے والی ایک عام اشتہاری مہم میں سکارف پہن رکھا ہے۔ ان کے بقول لااوریل کی اس مہم سے نوجوان خواتین میں بااختیار ہونے کا احساس بڑھے گا۔ انسٹاگرام پر امینہ کے پانچ لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔ اس مہم میں وہ ماڈلنگ کی دنیا کی دیگر نامور خواتین کے ہمراہ سامنے آئی ہیں۔ بی بی سی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بالوں کو چھپانے سے ایک مثبت پیغام ملے گا، ان کا کہنا تھا اپنے بالود کا خیال آپ اپنے لیے رکھتی ہیں نہ کہ دنیا کو دکھانے اور ان کی تائید حاصل کرنے کے لئے۔ امینہ کہتی ہیں کہ اس اشتہاری مہم سے ان خواتین کو مقبولیت اور اپنائیت کا احساس ہوگا جو سکارف پہنتی ہیں۔ لااوریل اشتہارات میں تنوع پیدا کرنے والی پہلی بڑی کمپنی نہیں ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف پریکٹشنرز ان ایڈورٹائزنگ کا کہنا ہے کہ اب کسی بھی اشتہاری مہم کے لئے مختلف، رنگ عقائد اور جنسی میلان کے لوگوں کی شرکت کو کامیابی کی ضمانت سمجھا جانے لگا ہے۔
لندن : امینہ خان شیمپو کے اشتہار میں پہلی با حجاب خاتون قرار
Jan 20, 2018