اسلام آباد کے رہائشی سیکٹروں میں پانی کی سپلائی میں 50فیصد کمی

اسلام آباد ( وقائع نگار) پانی کی بلا تعطل فراہمی شہری سہولیات میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے جس کے لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)کی موجودہ انتظامیہ اسلام آباد میں اس سہولت کو مزید بہتر بنانے اورخامیوں کو دور کرنے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔ اسلام آباد شہر کے باسیوں کو پانی کی فراہمی کے ذخائر موسمی اثرات اور بارشوں میں کمی کی وجہ سے کم ہو رہے ہیں اس لیے عارضی طور پر شہر کے جی سیریز کے مختلف سیکٹروں میں متبادل دنوں میںپانی کی فراہمی کی جا رہی ہے جس کے باعث معمول کی سپلائی میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے۔شہریوں کو پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے اٹھائے جانے والے ہنگامی اقدامات کے تحت پانی کی فراہمی میں یہ کمی کی جا رہی ہے کیونکہ اس سال موسم سرما میں ہونے والی کم بارشوں کے باعث سملی ڈیم میں پانی کی سطح گر رہی ہے جبکہ موسمی تبدیلیوں اور کم بارشوں کے باعث پانی کی زیر زمین سطح بھی نیچے جا رہی ہے۔ ادارے کی جانب سے پانی کی فراہمی کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے تحت عوام الناس کو بذریعہ اشتہاری مہم بھی آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ باغبانی، گاڑیوں اور فرش وغیرہ کی دھلائی میں احتیاط برتیں اورپانی کے ضیاع سے گریز کرتے ہوئے ادارے کے ساتھ تعاون کریںتاکہ پانی کے موجودہ ذخائر کو مون سون کی بارشوں تک استعمال میں لایا جا سکے۔ ایم سی آئی اور سی ڈی اے کی جانب سے پانی کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظرجن سیکٹروں میں متبادل دن پانی کی سپلائی کی جا رہی ہے ان میں سیکٹر G-6 میں ایک دن صُبح 4 بجے تا 8 بجے ،سیکٹر G-7/3 میں 8 بجے صُبح سے لیکر 11 بجے صُبح تک جبکہ سیکٹر G-7/2 میں صُبح 11 بجے تا01 بجے سہ پہر تک پانی کی سپلائی دی جائے گی۔ اسی طرح دوسرے دن سیکٹر G-7/2 میں 6 بجے صُبح سے 8 بجکر 30 منٹ تک، سیکٹر G-8/2 میں 8 بجکر 30 منٹ سے لیکر11 بجے صُبح تک، سیکٹر G-9/3 میں 11 بجے صُبح سے لیکر 2 بجکر 30 منٹ تک جبکہ سیکٹر G-9/4 میں 2 بجکر30 منٹ سے لیکر 5 بجے شام تک پانی کی سپلائی دی جائے گی۔ اسلام آباد کے تمام رہائشیوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پینے کے پانی کو ضائع کرنے سے گریز کریں اور جی سیریز کے رہائشی پانی کا مناسب ذخیرہ کر لیں تاکہ ایک دن پانی نہ ملنے کی صورت میں انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے تاہم پانی کی قلت کی صورت میں میٹرو پولیٹین کارپوریشن کی واٹر ٹینکر سروس 24 گھنٹے دستیاب ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن