موٹروے پولیس نے دیانتدارانہ قومی سطح پراپنی ساکھ بنائی

Jan 20, 2018

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں متعین امریکی سفیرڈیوڈ ہیل نے موٹروے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 1997ء سے لیکر اب تک موٹروے پولیس نیدیانتدار، پروفیشنلاور عوامی خدمت کے ادارے کے طور پر قومی سطح پراپنی ساکھ بنائی ہے۔ موٹروے پولیس کا فرض، تمام تر خطرات کے باوجود ، اعلیٰ پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے، انسانی جان کو بچانا اور ضرورت مندوں کی مدد کرناہے۔امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں امریکی حکومت کی طرف سے18 کروڑروپے (سولہ لاکھ ڈالرز ) مالیت کی10 ۱یمبولینسیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے حوالے کرنیکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ عطیہ پاکستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت کو بہتر بنانے اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویپولیس کی ملک میں شاہراہوں کومحفوظ بنانے کے مشن کی تکمیل میں امریکہ کی طرف سے دیرینہ اور ثمر آورکوششوں کی غمازی کرتا ہے۔ وزیر مملکت برائے مواصلات محمد جنید انورچوہدری، سیکرٹری مواصلات فرقان بہادرخان اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر کلیم امام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔امریکی سفیر نے پولیس فورس میں خواتین اہلکاروں کی شمولیت کی بھی تعریف کی، جن کی نمائندگی قومی سطح پر کسی بھی ادارے میں عورتوں کی شمولیت کی شرح سے چار گْنا زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور سب کی شمولیت کو یقینی بنانے کی روایت کی عکاسی کرتی ہے۔

مزیدخبریں