’’کافر ادا‘‘ (افسانے)

’’کافر ادا‘‘ عارفہ صبح خان کے افسانوں کا پہلا مجموعہ ہے۔ وہ اپنے سکول کے زمانے میں کئی افسانوں پر طبع آزمائی کرچکی ہیں۔ اس میدان میں ان کا اپنا راستہ‘ اپنا مسلک اور اپنا قبلہ ہے۔ عارفہ زمینی حقائق‘ آسمانی تمثیلیں‘ وجدانی کیفیات اور ایقانی امکانات کو آگہی کی آنکھ سے پرکھتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انکے افسانوں میں کسی دوسرے افسانہ نگار کی جھلک نظر نہیں آتی‘ انکی اپنی منفرد ڈگر ہے جس پر وہ گامزن ہیں۔ ڈاکٹر عارفہ کے افسانوں میں کتھارسس کے ساتھ ساتھ دل اور ضمیر پر بھی دستک دیتے ہیں۔تمام افسانے عصرِ حاضر کی جدت کی حدت لئے ہوئے ہیں۔ انکی تخلیق کا منطقہ انکی منطق کا پابند ہے اس لئے ان کا ہر افسانہ آپ بیتی کا رنگ لئے ہوئے ہے جسے پڑھتے وقت قاری اکتاہٹ محسوس نہیں کرتا۔ انکے چالیس سے زائد افسانے مختلف اخبارات و رسائل میں شائع ہوچکے ہیں‘ ان میں سے کچھ اس مجموعے میں بھی شامل ہیں۔ دیدہ زیب ٹائٹل 447 اعلیٰ صفحات پر مشتمل اس خوبصورت مجموعہ کو الوقار پبلیکیشنز 19۔ ٹیمپل روڈ لاہور نے شائع کیا ہے جس کی قیمت 1380/- روپے ہے۔ (تبصرہ: سلیم اختر)

ای پیپر دی نیشن