سی پیک منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ راہداری منصوبوں کی جلد تعمیر سے سماجی ، اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ وزیر اعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب ۔ غربت کے خاتمے کیلئے چین سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ پاک چین تعاون سے زرعی ، صنعتی شعبوں کو ترقی ملے گی۔
اس وقت پوری دنیا کی نظریں سی پیک منصوبہ پر لگی ہوئی ہیں وہ اسکے آپریشنل ہونے کی منتظر ہے۔ یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جس کی تکمیل میں کوئی غیر ضروری رکاوٹ حائل نہیں ہونی چاہئے۔ یہ دراصل پاکستان کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کی شاہراہ ہے جس کی بدولت ملک میں سماجی اور اقتصادی سطح پر ترقی کے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے صنعتی زون، خصوصی اقتصادی زون۔ ریلوے لائن اور سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ گوادر پورٹ کے متعدد منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔ جن سے حقیقت میں پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا آغازہو گا۔ یہاں روزگار کے وسائل پیدا ہونے سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے بھی اس ضمن میں چین سے استفادہ کرنے کی خواہش اس امر کی غماز ہے کہ وہ برادر پڑوس ملک چین کے تعاون سے زرعی اور صنعتی شعبوں میں تبدیلی لا کر ان شعبوں کوترقی دینا چاہتے ہیں۔ اس ترقی کی راہ میں سب سے بڑا معاون سی پیک منصوبہ ہے جسے جلد از جلد مکمل کر کے ہم ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوسکتے ہیں۔