لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) مائع قدرتی گیس (ایل این جی) سے لدے دو جہاز کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگئے جس کے نتیجے میں ملک میں گیس بحران کا خدشہ ٹل گیا ہے۔سوئی ناردن گیس کمپنی (ایس این جی پی ایل)کے ترجمان کے مطابق ایل این جی کے جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگئے ہیں اور 250 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی کی سپلائی شروع کردی گئی ہے۔ ایل این جی ترجیح بنیادوں پر گھریلو صارفین کو فراہم کی جارہی ہے۔ ایک دو روز تک صورتحال مزید بہتر ہوجائیگی۔ ادھر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ہم بیک وقت دو ایل این جی جہازوں کو لنگر انداز کرانے میں کامیاب ہوگئے۔ چند ہفتوں میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی جانب سے رات کے وقت بھی بندرگاہ میں جہازوں کی آمد ورفت کا سلسلہ شروع کردیا جائیگا جس کے بعد بندرگاہ پر رش اور کام میں تاخیر کا مسئلہ حل ہوجائیگا۔ دوسری طرف کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس بحران سنگین ہوگیا اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑگئے۔ مختلف علاقوں میں گیس بحران کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے انتظامیہ فوری طور پر اس بحران کا حل نکالے۔ ایس ایس جی سی نے گیس میں کمی پر گزشتہ شب سی این جی سٹیشنز بھی بند کر دئیے تھے۔ کورنگی، سائٹ اور سپر ہائی وے کی صنعتوں کو بھی گیس کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے جس سے فیکٹریوں میں کام ٹھپ ہو کر رہ گیا۔
گیس بحران کا خدشہ ختم، ایل این جی کے دو جہاز کراچی بندرگاہ پر لنگرانداز
Jan 20, 2019