پاکستان درست سمت کی طرف گامزن‘ حکومت عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے: صدر جنرل اسمبلی

Jan 20, 2019

اسلام آباد (آئی این پی+صباح نیوز ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے، نیا مستقبل غربت اور بدعنوانی کے خاتمے اور سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پرمبنی ہے، ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے۔ مسلح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ایک مثالی کردارہے،عالمی برادری نے اس کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا ، پاکستان کا علاقائی امن اورسلامتی میں کردارقابل تعریف ہے، بیس لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں۔پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں انتہائی اہم کردارادا کیا، امید ہے پاکستان ہماری امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم حکومت کے ساتھ غربت اور عدم مساوات کے خلاف کام کررہی ہے ۔ریڈیوپاکستان کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا یہ دیکھ کر انہیں حوصلہ ملا ہے وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں۔ پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر نے کہا اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ہے اور وہ رائے عامہ میں ایک مضبوط آواز رکھتی ہیں ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کا خصوصی طورپر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیویارک میں ان کی ایک موثر آواز ہے ۔ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا ایک مثالی کردارہے انہوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب اور موثر کوششیں کیں ہیں اور عالمی برادری نے اس کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔مسز ماریہ نے کہاپاکستان افغان امن عمل میں انتہائی موثر کردارادا کررہا ہے جو پاکستان کیلئے بھی مفید ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے غریب خواتین کو نقد امداد کی فراہمی کو بھی سراہاانہوں نے معاشرے کے محروم طبقوں خصوصاً خواتین کوچھوٹے کاروبار اور مواقع کے ساتھ حقیقی معیشت سے جوڑنے کی ضرورت پر زوردیا ۔ جب ان سے مسئلہ کشمیر، پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کشمیر سمیت تمام تنازعات کے پرامن حل پرزوردیا ۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے ذمہ داری بنتی ہے تاہم زیادہ اہم بات ہے تنازعات کومتعلقہ فریقین سیاسی عزم اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔انہوں نے تنازعات کے حل پر زوردیتے ہوئے کہایہ متاثرہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے بہت ضروری ہے ۔انہوںنے کہا ہم اہم معاملات خصوصاً ان تنازعات پرزیادہ توجہ کے خواہاں ہیں جن سے لوگوں کے حقوق اورترقی متاثر ہو ۔انہوں نے امن واستحکام اور عالمی قوانین کے حوالے سے پاکستان کے عزم کی تائید کی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیاپاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں انتہائی اہم کردارادا کیا ہے۔ہم دنیا بھر میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں میں پاکستان کے کردارکا اعتراف اوراحترام کرتے ہیں جو عالمی ادارے اور امن واستحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہاپاکستان اقوام متحدہ کا ایک مضبوط اور موثر شراکت دار ہے۔ پاکستان نہ صرف اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں کردارادا کررہا ہے بلکہ عالمی ادارے کے ساتھ اس کے بہتر رابطے بھی ہیں۔ انہوں نے کہاپاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم حکومت کے ساتھ غربت اور عدم مساوات کے خلاف کام کررہی ہے۔صباح نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے پاکستان اور بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ باہمی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے کشمیر سمیت تمام تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کریں،۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس حوالے سے ذمہ داری بنتی ہے تاہم زیادہ اہم بات ہے تنازعات کومتعلقہ فریقین سیاسی عزم اور تعمیری مذاکرات کے ذریعے حل کریں ۔انہوں نے تنازعات کے حل پر زوردیتے ہوئے کہایہ متاثرہ عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے بہت ضروری ہے ۔

مزیدخبریں