لاہور(نمائندہ خصوصی)اسلام پورہ مین بازار میں دن دیہاڑے دوہرے قتل کی واردات ہوئی اور ذاتی رنجش دو افراد کی جان لے گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ماموں بھانجا شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق عمران نامی شخص نے عمر روڈ کے رہائشی یاسر اور اس کے ماموں یونس کو دن دیہاڑے گولیوں سے چھلنی کر دیاجبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر بشیر نامی راہگیر بھی زخمی ہو گیا۔مقتول کے بھائی کا الزام ہے ملزم عمران نے مقتولین کو قتل کرنے سے قبل اپنی دکان میں بند کر کے تشدد کا نشانہ بھی بنایاجبکہ ملزم فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی پولیس نے فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نعشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیں ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے۔تاہم مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔