لاہور(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہاہے کہ ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائیگا اور کوئی اتحادی چھوڑ کر نہیں جارہا۔ مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی سے جھگڑا دو لوگوں کیلئے این آر او مانگنے پر ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی سیاست کرنے کا حق حاصل ہے۔ پی ٹی آئی اور ق لیگ ایک جماعت نہیں، ق لیگ کے تحفظات کو دور کیا جائیگا۔ چوہدری برادران سے ملاقات ہوتی رہتی ہے۔ فوجی عدالتیں نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئیں اور سب کے اتفاق رائے سے بنی تھیں، ملک سے متعلق فیصلوں کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔مسلم لیگ ن یا پیپلزپارٹی کی طرف سے کوئی بہتر تجویز آئی تو غور کریں گے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سمیت ہر جماعت کا سیاسی نظریہ ہے، جمہوریت جرائم پر پردہ ڈالنے کا نام نہیں بلکہ احتساب کا نام ہے۔لاہور میں تقریب سے خطاب میں وزیراطلاعات نے کہاکہ معیشت بہتر ہورہی ہے، یہ سال بیرونی سرمایہ کاری اور برآمدات کا ہوگا، اس سال پاکستان اپنی تاریخ کی سب سے بڑی ایکسپورٹ کریگا اور اس سال پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری آئیگی، ایگزن آئل 27 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری لے کر آ رہا ہے، اس سال عمران خان کی قیادت میں معاشی سفر طے کریں گے،، دنیا کی تیسری بڑی آئل ریفائنری لگانے جا رہے ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ سی پیک میں انفراسٹرکچر سے ہٹ کر رئیل ایشوز پر کام شروع کر دیا ہے، کل 2019ء کا سی پیک پلان متعارف کروایا جائیگا، سی پیک میں جو تبدیلیاں کی گئی ہیں اس حوالے سے آج اتوار کو اہم اعلان کریں گے،۔ سی پیک منصوبے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد اس میں پاکستان تحریک انصاف کا ویژن نظر آئے گا۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتوں کے بغیر ملک نہیں چلتا، سیاسی جماعتیں حقیقت ہیں۔ سیاست آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے ملک میں کوئی بحرانی کیفیت نہیں ہے۔ معیشت بھی بہتری کی طرف جا رہی ہے۔