خلیل، اہلخانہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں : دولہا رضوان

Jan 20, 2019

بوریوالا (نمائندہ نوائے وقت) ساہیوال واقعہ میں مارے جانے والے افراد کے رشتہ دار جو 293 ای بی میں مقیم ہیں، انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا خلیل احمد سکنہ لاہور اور اس کے اہل خانہ کا دہشت گردی سمیت کسی قسم کے جرائم سے تعلق نہیں۔ خلیل، نبیلہ، اریبہ اور ڈرائیور ذیشان کو ناحق قتل کیا گیا۔ پولیس نے مبینہ طور پر اپنی نا اہلی چھپانے کیلئے انہیں دہشت گرد قرار دیا ہے۔ رضوان سکنہ 293 ای بی نے کہا خلیل اپنے اہل خانہ کے ہمراہ میری شادی میں شرکت کے لئے آرہے تھے ان کا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں لگتا۔ اہلیان دیہہ نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فائرنگ میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر کے سزا دی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ مظاہرین نے کہا ہمیں انصاف نہ ملا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھا دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق فائرنگ میں مارے جا نے والے افراد کی تدفین ان کے آ بائی گائوں 293ای بی میں ہی متوقع ہے۔

مزیدخبریں