لاہور(نمائندہ سپورٹس) جنوبی افریقی ٹیم کے تجربہ کار اوپنر ہاشم آملانے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 27ون ڈے سنچریاں سکور کرنے کا بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا ۔ 35سالہ ہاشم آملا نے پاکستان کیخلاف پہلے ون ڈے میں 108رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،یہ ان کی ون ڈے کیریئر کی 167ویں اننگز میں 27ویں سنچری تھی ‘ انہوں نے ویرات کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ،انہوں نے169اننگز میں یہ ریکارڈ بنایا تھا‘سچن ٹنڈولکرنے254اننگز کھیل کر27‘ رکی پونٹنگ نے308 اور سابق سر ی لنکن اوپنر سنتھ جے سوریا نے 404اننگز کھیل کر27سنچریاں سکور کی تھیں۔ہاشم آملا زیادہ ون ڈے سنچریاں سکور کرنیوالوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ، سچن ٹنڈولکر49سنچریوں کیساتھ پہلے ، ویرات کوہلی 39سنچریاں بنا کر دوسرے ،رکی پونٹنگث 30 سنچریوں کے ساتھ تیسرے اور سنتھ جے سوریا 28سنچریاں بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔