اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات منور انجم نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کو اپنے مستقبل کی فکر لاحق ہے اس لئے وہ چیئرمین بلاول بھٹو زررداری کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن شیخ رشید کے شر، بغض اور منافقت سے محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے جمہوریت مخالف عناصر سے انتقام لے لیا جس کا جمہوریت دشمن عناصر کو ابھی تک درد ہے جس کی چیخیں شیخ رشید کے منہ سے نکل رہی ہیں۔ منور انجم نے کہا کہ شیخ رشید جیسے سیاسی لاوارث کندھوں کی تلاش میں رہتے ہیں مگر یاد رکھیں کہ ان کا آخری خریدار عمران خان ہے اب شیخ رشید کے سیاسی تابوت کو کوئی کندھا نہیں دے گا۔