لاہور (نیوزرپورٹر)علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے ولید اقبال ایڈووکیٹ کے سینیٹر اور احمد اویس کے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بننے پر اظہار مسرت کیلئے ان کے احباب نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں ایک خصوصی نشست منعقد کی۔ اس موقع پر جسٹس (ر) میاں آفتاب فرخ، بیگم مہناز رفیع، ملک غلام ربانی اعوان، بیرسٹر میاں وحید الرحمن ، بیگم صفیہ اسحاق، شاہد رشید،کاشف ادیب جاودانی، ڈاکٹر یعقوب ضیائ، خالد اللہ خان، عامر کمال صوفی سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ سینیٹرولید اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ قومی تشخص اور پاکستان کے بنیادی نظریات کو لیکر آگے بڑھ رہا ہے۔ مجید نظامی مرحوم کا لگایا ہوا یہ پودا آج تناور درخت بن چکا ہے ۔ نظریۂ پاکستان کی ترویج واشاعت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نئی نسلوں کو دوقومی نظریہ، تحریک پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات سے آگاہ کرنا ہے ، آج ہم ان باتوں سے دور ہو رہے ہیں ۔ ہمیں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنا ہے۔احمد اویس ایڈووکیٹ نے کہاکہ یہ ملک نظریۂ پاکستان کی بنیاد پر قائم ہوا ۔ نظریۂ پاکستان کو اس کے صحیح تناظر میں سمجھنے کی ضرورت ہے۔ نظریہ قائم رہے گا تو یہ مملکت بھی قائم رہے گی اور اس نظریے کی موجودگی میں دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی ۔ریاست مدینہ میں قانون کی حکمرانی تھی اور موجودہ حکومت بھی ملک میں قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ جسٹس(ر) میاں آفتاب فرخ نے کہا ہم دونوں احباب کو نئے عہدے سنبھالنے پر مباکباد پیش کرتے ہیں ۔ولید اقبال اپنے دادا علامہ محمد اقبالؒ کے افکارونظریات اور ان کے مشن کو آگے بڑھائیں ہم ان کے ساتھ ہیں ۔احمد اویس ایڈووکیٹ نے عدلیہ کی بحالی اور جمہوریت کے لئے بغیر کسی خوف و لالچ حق کے لئے آواز بلند کی۔ شاہد رشید نے خیرمقدمی کلمات میں کہا ولید اقبال اور احمد اویس یڈووکیٹ بے لوث کارکن ہیں اور ان کا اعترافِ خدمت کیا جانا خوش آئند ہے۔
مجیدنظامی کا لگایا پوداتناوردرخت بن چکا:سینیٹر ولید اقبال
Jan 20, 2019