پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ساہیوال واقعہ افسوسناک ہے اور تمام چیزیں سامنے ہے جس پر کمیٹی بنانے کا کوئی جواز نہیں ، وزیر اعظم کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے ،اب ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ہے ،موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام کی ضرورت نہیں ۔سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساہیوال واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، وزیر اعظم عمران خان کو قوم سے معافی مانگنی چاہئے ، وفاقی اور صوبائی وزرا نے ساہیوال واقعہ پر افسوس ناک بیانات دیئے ، ساہیوال واقعہ میں حکومت کی بے حسی نظر آئی، اسے معاف نہیں کیا جائے گا ، وزیراعظم عمران خان وزرا سے فوری طور پر استعفے لیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا بچے بھی دہشت گرد ہوسکتے ہیں، ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے تاکہ ایسا پھر نہ ہو۔فوجی عدالتوں سے متعلق انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں پہلے وقت کی ضرورت تھیں تاہم اب ملک میں مضبوط عدالتی نظام موجود ہے، موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے قیام کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردی کے باعث پیپلز پارٹی نے فوجی عدالتوں کے قیام کو سپورٹ کیا، ملک میں امن بھی قائم ہوگیا اور حکومت بھی طاقتور ہے جبکہ عدالتوں سے بھی بڑے بڑے فیصلے ہورہے ہیں۔