راولپنڈی (جنرل رپورٹر)موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے اور عصر حاضر میں ٹیکنیکل تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے،صنعتوں میں بھی ٹیکنالوجی کے حامل نوجوانوں کی بہت ضرورت ہے،اس ضمن میں ایف جی ای آئی ڈائریکٹوریٹ کے زیر انتظام تعلیمی ادارے ٹیکنیکل تعلیم کی فراہمی میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے ہیں،ڈائریکٹوریٹ مطلوبہ معیار تعلیم کی فراہمی اور مہارت فراہمی میں سرگرم عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرجنرل فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنزکینٹ گیریژن ڈائریکٹوریٹ میجرجنرل محمداصغر نے ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز طارق آباد راولپنڈی میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کلاسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا، اس موقع پر ایف جی ای آئی چکلالہ ریجن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کرنل سعادت اللہ، لیفٹیننٹ کرنل آغاجاوید اکبرخان،پرنسپل محمد افضل طاہر، پرنسپل ارشاد خان سمیت اساتذہ، طلباء اوردیگر شریک تھے، ایف جی پبلک سکول نمبر 2 بوائز چکلالہ راولپنڈی میں 10 سال بعد دوبارہ ٹیکنیکل تعلیم شروع کی جارہی ہے جس کی سفارش ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے قائم کی گئی ماہرین تعلیم پر مشتمل کمیٹی نے کی تھی،کمیٹی میں پرنسپل ارشاد خان، پرنسپل افضل طاہر، سابقہ ماہرین تعلیم اور ٹیکنیکل انسٹرکٹرز وائس پرنسپل ریٹائرڈ مسعود الحسن قاضی، وائس پرنسپل ریٹائرڈ فضل الرحمن اور وائس پرنسپل محمدیعقوب ملک شامل تھے،ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل محمد اصغر نے کہا ہمارے تعلیمی اداروں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت و تحقیق میں بہتری لانی چاہئے،تعلیمی اداروں کو مطلوبہ معیار کی تربیت کے لئے اہم اقدامات اٹھانے ہونگے تاکہ طلبہ حصول تعلیم کے بعد روزگار کے لئے مارے مارے نہ پھریں ۔