لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے فاتحانہ آغاز، سکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دیدی۔ سکاٹ لینڈ کی ٹیم 23.5 اوورز میں 75 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ہدف 11.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پوچیف سٹروم میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا مگر، قومی انڈر19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باولنگ کی بدولت، پوری ٹیم 23.5 اوور زمیں صرف 75 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ حریف ٹیم کی جانب سے عزیرشاہ 20 رنز بناکر ٹاپ سکور ر رہے‘مکنٹوش نے سترہ رنز کی اننگز کھیلی۔بی جے ڈیوڈسن صفر جے جے ڈیوڈ سن نو ‘ایل آر نیلرصفر‘قیس سجاد چھ ‘ہینلے دو‘رابرٹسن صفر‘کینز چھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔پیٹ چار رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے فاسٹ باؤلر محمد وسیم جونیئر نے 7.5اوورز میں 12 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر طاہر حسین نے 3 اور عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سکاٹ لینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے محض 2 بلے باز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہو سکے۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آغاز بھی متاثر کن نہ تھا۔ صرف 4 سکور پر دونوں اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد عرفان خان اور کپتان روحیل نذیر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 رنز کی شراکت قائم کی۔ عرفان خان 37 اور قاسم اکرم پانچ رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ روحیل نذیر نے27 رنز کی اننگز کھیلی‘حیدر علی چار اور محمد شہزاد صفر پر آئوٹ ہوئے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے مطلوبہ ہدف 11.4 اوورز میں حاصل کر لیا۔ حریف ٹیم کی جانب سے لائم نیلر، چارلی پیٹ اور قیس سجاد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنا دوسرا گروپ میچ 22 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلی گی۔گرین شرٹس ٹیم نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔ایک اور میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 90رنز سے ہر ا دیا ۔ بھارت انڈر19ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 4وکٹوں پر 297رنز بنائے ۔ جیسوال انسٹھ ‘سکسینا تئیس ‘تلک ورما چھیالیس ‘گارگ چھپن رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ جیورل باون اور ویر چوالیس رنز پر نا ٹ آئوٹ رہے ۔ ڈی سلوا ‘ڈینیئل ‘مڈشانکا اور ندیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سری لنکن ٹیم 207رنز پر پویلین لوٹ گئی ۔ مشرا انتالیس‘رسانتھا انچا س‘کپتان پریرا پچاس رنز بناکر نمایاں رہے ۔ چھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ اکاش سنگھ‘ویر ‘بشنوئی نے دو دو کھلاڑیوں کو آئو ٹ کیا ۔ سدیش ویر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ میگا ایونٹ میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے ۔ پہلا میچ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز جبکہ دوسرا آسٹریلیا اور نائیجیریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پوائنٹس ٹیبل پر گروپ اے میں بھارت دو پوائنٹس کیساتھ پہلے ‘جاپان ایک پوائنٹ کیساتھ دوسرے جبکہ نیوزی لینڈ ایک پوائنٹ کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ سری لنکا کا کوئی پوائنٹ نہیں ۔ گروپ بی میں ویسٹ انڈیز دو پوائنٹس کیساتھ پہلے نمبر پر ہے ۔ آسٹریلیا ‘انگلینڈ ‘نائیجیریا کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے ۔گروپ سی میں بنگلہ دیش دو پوائنٹس کیساتھ پہلے ‘پاکستان دو پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبرپر ہے ۔ سکاٹ لینڈ اور زمبابوے کا کوئی پوائنٹ نہیں ۔ گروپ ڈی میں افغانستان دو پوائنٹس کیساتھ پہلے ‘متحدہ عرب امارات دو پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ کینیڈا اور جنوبی افریقہ کا کوئی پوائنٹ نہیں ہے ۔