بیروت(این این آئی)لبنان کے مستعفی وزیر اعظم سعد حریری نے کہاہے کہ بیروت کے وسط میں جاری تنازعات ، جلاو گھیراو، اور تخریب کاری کی کارروائیوں کا منظر ایک پاگل ، مشکوک اور ناقابل قبول منظر ہے جس سے شہری امن کو خطرہ ہے اور اس کے انتہائی سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ہم بیروت کو ملک کا امن تباہ کرنے کے لیے سیاسی اکھاڑا نہیں بننے دیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق حریری نے ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں مزید کہا کہ بیروت کو لبنان کے شہریوں کی پرامن تحریک کو تشدد میں جھونکنے اور اجرتی سیاسی گماشتوں کا اکھاڑا بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ہم کسی کو بھی تباہی اور بربادی کے لیے بیروت کو استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ فوجی اور سیکیورٹی فورسز سے دارالحکومت کی حفاظت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ بیروت کو تخریب کار عناصر کا اکھاڑا بنانے کی سازشیں ناکام بنائی جاسکیں۔